نئی دلی(نیوز ڈیسک)بھارتی سپریم کورٹ نے کٹھوعہ کی کمسن بچی کی آبروریزی اور قتل میں ملوث مجرموں کو جموں وکشمیرکی کٹھوعہ جیل سے بھارتی ریاست پنجاب کی گرداسپور جیل منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارت کی عدالت عظمیٰ نے بھارتی حکومت اور مجرموں کی نمائندگی کرنے والے وکلاء کی طرف سے منتقلی کے حوالے سے اٹھائے گئے اعتراضات کو مستردکرتے ہوئے کہاکہ ان کی منتقلی غیر معمولی حالات کی وجہ
سے کی گئی ہے۔ چیف جسٹس دیپک مشرا اور جسٹس ڈی وائی چندراچوڑ اور جسٹس اندوملہوترہ پر مشتمل بینچ نے جموں وکشمیر کے حکام کی طرف سے پیش کی جانے والی رپورٹ کو تسلیم کرلیا۔ عدالت عظمیٰ نے کشمیر کے حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ کیس کے سلسلے میں آٹھ ہفتوں کے اندر ایک ضمنی چارج شیٹ دائر کریں۔ عدالت نے پنجاب اور کشمیرکی حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ ٹرائل کورٹ کے جج اور وکیل استغاثہ کو مناسب سکیورٹی فراہم کریں۔