اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ نے سیمنٹ فیکٹریوں کو میٹھے پانی کے استعمال سے روک دیا ۔ کٹاس راج سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ آف پاکستان نے سیمنٹ فیکٹریوں کو میٹھے پانی کے استعمال سے روک دیا۔چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ سیمنٹ فیکٹریاں کروڑوں روپے کا مفت پانی حاصل کر رہی ہیں اور اب تک اربوں روپے کا پانی پی چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹرار آفس کو آکر کہا جاتا ہے کہ چیف جسٹس ناراض ہو رہے ہیں۔
پاکستان سے لے رہے ہیں پر پاکستان کو کچھ دے نہیں رہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ حکومتیں سیمنٹ فیکٹریوں سے ملی ہوئی ہیں، ہم نے 4 ماہ سے پانی کی رقم وصول کرنے کا کہا ہوا ہے، سیمنٹ فیکٹریاں میٹھے پانی کا قومی خزانہ لوٹ رہی ہیں۔جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ پنجاب حکومت نے سیمنٹ فیکٹریوں پر اب تک کیوں ٹیکس نہیں لگایا، ہم خود ٹیکس نافذ کریں گے۔سپریم کورٹ نے تمام ریکارڈ طلب کر کے کٹاس راج کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کر دی۔