اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)محکمہ موسمیات کی آئندہ 48گھنٹے میں ملک میں مون سون بارشوں کے آغاز کی پیشگوئی ۔ تفصیلات ے مطابق محکمہ موسمیات نے آئندہ 48گھنٹے میں ملک میں مون سون بارشوں کے آغاز کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال کی مون سون ہوائیں پاکستان میں داخل ہونا شروع ہوگئی ہیں جبکہ بدھ سے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بھی متوقع ہے اور جمعرات کو مون سون ہواؤں میں شدت آجائے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق
منگل (10 جولائی) کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہےگا، تاہم جمعرات سے اتوار کے دوران لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، گجرانوالہ، مالا کنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان اور کوہاٹ ڈویژن میں بارش کا امکان ہے۔دوسری جانب فاٹا، کشمیر، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ساہیوال اور ملتان ڈویژن میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسیں گے۔محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بوندا باندی کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔