اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اسحاق ڈار کی طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا پاسپورٹ منسوخ کردیں گے اور واپسی کے لیے جو کرنا پڑا کریں گے۔ پیر کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ایم ڈی پی ٹی وی تعیناتی کیس کی سماعت کی۔سماعت کے آغاز چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے سوال کیا کہ اسحاق ڈار کو بلایا تھا
کدھر ہیں وہ؟ اس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ وہ نہیں آئے۔جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ اسحاق ڈار عدالت کے بلانے پر نہیں آئے، ہم ان کا پاسپورٹ منسوخ کردیں گے اور ریڈ وارنٹ جاری کرنے پر بھی غور کریں گے۔چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے کہا کہ اسحاق ڈار کے وکیل کو بلاکر پوچھیں طلب کرنے پر کیوں نہیں آئے؟ ان کی واپسی کے لیے جو کرنا پڑا کریں گے۔عدالت نے اس حوالے سے وزارت داخلہ کے حکام کو طلب کر لیا ۔