تہران(مانیٹرنگ ڈیسک)اقوام متحدہ کے زیر انتظام انسانی حقوق کی کونسل نے پاکستانی وکیل جاوید رحمن (51 سالہ) کو ایران میں انسانی حقوق کی نگرانی کے لیے اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایڈوکیٹ جاوید رحمن کا انتخاب انسانی حقوق کی کونسل میں ووٹنگ کے ذریعے عمل میں آیا۔ پاکستانی وکیل برطانوی شہریت کے حامل ہیں اور لندن کی برنل یونیورسٹی میں پروفیسر کے طور پر کام کرتے
ہیں۔جاوید رحمن اقوام متحدہ میں اقلیتوں کے امور کے فورمز کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور انہوں نے ایمنسٹی انٹرنیشنل جیسی انسانی حقوق کا دفاع کرنے والی تنظیموں کے ساتھ بھی تعاون کیا۔وہ پاکستان میں انسانی حقوق کے سرگرم کارکن شمار کیے جاتے ہیں۔ بالخصوص اسلامی قوانین، مذاہب کی آزادی کے امور اور انسداد دہشت گردی کے میدان میں کام کر چکے ہیں۔جاوید رحمن نے پاکستانی وکیل عاصمہ جہانگیر کی جگہ یہ عہدہ سنبھالا ہے۔