اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا میں ’’بلین ٹری‘‘ منصوبہ قابل تعریف ہے ، بین الاقوامی تنظیم ورلڈ اکنامک فورم کا بھی اعتراف، تفصیلات کے مطابق ورلڈ اکنامک فورم کے زیر اہتمام شائع شدہ ایک حالیہ مضمون میں بلین ٹری منصوبے کو خطے میں ماحول کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔ ورلڈ اکنامک فورم نے کہا ہے کہ کئی دہائیوں سے پاکستان میں درختوں کی کٹائی اور قدرتی آفات کے باعث پاکستان کے جنگلات میں شدید کمی آئی ہے۔
پاکستان میں جنگلات صرف 2 سے 5 فیصد حصے پر مشتمل ہیں جو اقوام متحدہ کے تجویز کردہ 12 فیصد سے کم ہے۔ پاکستان کا شمار ان پہلے چھ ممالک میں ہوتا ہے جو گلوبل وارمنگ سے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔ ورلڈ اکنامک فورم کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف ماحول کے لیے اچھا ہے بلکہ اس کی وجہ سے درختوں کی نجی نرسریوں کا ایک نیٹ ورک بھی قائم ہوا ہے۔ اس کے علاوہ مقامی افراد کی آمدن بڑھی اور بے روزگار نوجوانوں اور خواتین کو نوکریاں بھی ملی ہیں۔