لاہور(نیوز ڈیسک) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے احتساب عدالت کی طرف سے سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو سزا سنائے جانے کے فیصلہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ فیصلہ سب سیاسی جماعتوں اور عوام کیلئے عبرت بھی ہے اور بہت بڑا لمحہ فکریہ بھی ہے۔ ہم سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اپنی غلطیوں و کوتاہیوں کو دل سے
تسلیم کریں ‘کسی قسم کے سخت ردعمل سے مقابلہ کی فضا پیدا کرنے کی بجائے اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں اور اپنی غلطیوں کا ازالہ کیا جائے۔جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان اس وقت بیرونی سازشوں کا شکار اورمشکل صورتحال سے دوچارہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو چاہیے کہ وہ ملک میں قومی وحدت اور یکجہتی کا ماحول پیدا کریں۔ اس سے اللہ تعالیٰ بھی راضی ہو گا اور انہیں بھی اپنی غلطیوں کا ازالہ کرنے میں مدد ملے گی۔