لاہور(نیوز ڈیسک) نگران وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر جی پی او چوک پر شگاف پڑنے کے واقعہ پر قائم کی گئی کمیٹی نے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پیش کر دی۔ رپورٹ نگران صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ میاں نعمان کبیر کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونیوالے اجلاس میں پیش کی گئی۔ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں پی ٹی سی ایل کی ڈکٹ اورریٹیننگ وال نہ ہونے کو شگاف پڑنے کا سبب قرار دیا گیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ کمیٹی نے صر ف فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پیش کی ہے۔ واقعہ کے ذمہ داروں
کا بھی تعین ہونا چاہئے تاکہ انکے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جا سکے۔ چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی نے حکم دیا کہ کمیٹی غفلت برتنے والوں کا تعین کر کے حتمی رپورٹ تین دن کے اندر بھجوائے۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین کے زیر زمین ٹریک کا سروے جلد از جلد مکمل کیا جائے تا کہ مستقبل میں ایسے ناخوشگوارواقعہ سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کمیٹی کی جانب سے تجویز کئے گئے اقدامات پر عمل کیلئے ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر محکموں کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔