لاہور (نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پہلے ساہیوال آتا تھا تو آپکی خدمت کے منصوبے لے کر آتا تھا اور ان منصوبہ کا آپ کے شہر میں عملدرآمد یقینی بناتا تھا، اب ووٹ لینے آیا ہوں لیکن یہ ووٹ اقتدار کے لیے نہیں ہے بلکہ خدمت کے جذبے سے سر شار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ساہیوال میں شاندار ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ساہیوال کے لوگو بتاؤ کیا لوڈ شیڈنگ کا مسلۂ حل ہو گیا ہے کہ نہیں،
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی شبانہ روز محنتوں اور جد و جہد کی بدولت پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے ختم ہو چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی پانچ سالہ مدت میں گیارہ ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے بنائے ہیں،ہمار مقصد عوام کی خدمت کرنا اور کار کردگی دکھانا ہے، ساہیوال کا کول پاور پلانٹ ہماری کارکردگی کا عملی ثبوت ہے، محمد شہباز شریف نے اپنی تقریر کے دوران آصف زرداری کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے کہا کہ زرداری کا ایک ہی نعرہ ہے مر سوں مر سوں کام نہ کر سوں، نیب میں حاضریاں مسلم لیگ(ن ) کی ہوتی ہیں اور آصف زرداری پاک صاف ہے یہ کیسا انصاف ہے،انہوں نے مزید کہا کہ شفاف الیکشن کروانے ہیں تو نیب کو ہر ایک کا برابر احتساب کرنا پڑے گا نا کہ کسی ایک جماعت کو انتقام کا نشانا بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ ہمارے منصوبے عوام کے سامنے ہیں ، خان صاحب کی بنائی ہوئی بجلی پتہ نہیں کہاں بیٹھی ہے، خان صاحب آپکو تو یہ نہیں پتہ کے بجلی کی کیا اہمیت ہے، عمران خان صاحب الزام لگاتے ہیں لیکن ثبوت نہیں لاتے، انہوں نے میرے پر الزام لگایا کہ میں نے میٹرو بس بنانے میں کرپشن کی اس کے بعد سے میں عدالت میں ان کے پیچھے ہوں اور وہ میرے آگے بھاگ رہے ہیں، وہ تو کیا ان کے وکیل بھی عدالت پیش نہیں ہوئے، انہوں نے عمران خان کو نقلی خان کا لقب بھی دیدیا ،
محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پشاور میں ڈینگی آیا تو عمران خان لوگوں کی مدد کی بجائے جان بچا کر پہاڑوں پر بھاگ گئے اور اب لاہور میں بارش آئی ہے تو سیاست چمکانے کے لیے باہر نکل پڑے ہیں،عمران خان نیازی نے خیبر پختونخواہ میں نہ کوئی ہسپتال بنائے ہیں نا ہی کوئی یونیورسٹیاں تعمیر کی گئیں جبکہ ہم نے ہسپتال بھی بنائے اور وہاں معیاری دوائیں بھی مہیا کیں ،اس کے علاوہ ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں بھی لگاائی گئیں،انہوں نے کہا کہ جب ہم نے لاہور میں میٹرو بس تعمیر کروائی تو
عمران خان اسے جنگلہ بس کہہ کر تنقید کا نشانا بناتے رہے اور اب پشاور کی جنگلہ بس 60 ارب کی لاگت پر پہنچ چکی ہے پھر بھی مکمل نہیں ہوسکی ،اب صورت حال یہ ہے کہ ہندوستان اور بنگلا دیش ہم سے آگے نکل چکے ہیں، ہندوستان ہمارا پانی روک رہا ہے اس کے لیے بھاشا ڈیم بنانا بہت ضروری ہے، جس طرح ہزاروں میگا واٹ بجلی کے منصوبے بنائے ہیں اسی طرح ڈیم بنائیں گے،
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھاشا ڈیم بنائیں گے یہ شہباز شریف کا وعدہ ہے، ساہیوال والو اگر اللہ نے موقع دیا تو پاکستان کو ملائشیا اور ترکی کے برابر لائیں گے، ساہیوال میں دانش سکول اور یونیورسٹی بھی بنائیں گے، ہر شہری کو صحت کارڈ بھی دیا جائے گا، قبل ازیں مسلم لیگ (ن ) کے صدر محمد شہباز شریف کا مانگا منڈی اور اوکاڑہ میں پرتباک استقبال کیا گیا اورپھولوں کی پتیاں تچھاور کی گئیں۔