اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی خیبرپختونخواہ کے صدر ہمایوں خان نے کہا ہے کہ عمران نیازی دوسرے صوبوں میں جا کر بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں۔ ان کا ہر دعوی جھوٹا ہے، پختونخوا میں ان کی حکومت نے پونے تین سو ارب کا مقروض کر دیا ہے۔میڈیا آفس اسلام آباد میں صحافیوں کے
ایک گروپ سے گفتگوکرتے ہوئے ہمایوں خان نے کہا کہ پانچ سال کے دوران پشاور میں صرف نیازی کا ذاتی ہسپتال جن کا کاروباری ذریعہ ہے بنا ہے۔ باقی صوبے میں نہ کوئی کالج تعمیر ہوا، نہ سڑکیں تعمیر ہوئیں اور نہ کوئی سرکاری ہسپتال۔ عوام پوچھتے ہیں کہ کے پی کا پانچ سال کا بجٹ کہاں گیا اور صوبہ پونے تیس سو ارب کا مقروض کیسے ہوا۔ پی پی پی کے پی کے صدر نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی کرپشن پشاور میٹرومیں بے نقاب ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقی صوبہ تو مسائل کا شکار ہے ہی مگر پشاور کی آدھی آبادی پینے کے پانی سے محروم ہے۔ ہمایوں خان نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دور میں عمران نیازی کی طرز زندگی تبدیل ہوئی ہے جبکہ صوبے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ کے پی بدحال ہوا صرف نیازی خوشحال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں عوام پی ٹی آئی سے حساب برابر کریں گے یہی وجہ ہے کہ عمران دیگر صوبوں میں پھر رہے ہیں تاکہ ان کو دھوکہ دے سکیں۔انتخابات میں عوام پی ٹی آئی سے حساب برابر کریں گے یہی وجہ ہے کہ عمران دیگر صوبوں میں پھر رہے ہیں تاکہ ان کو دھوکہ دے سکیں