اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء اسد عمر نے پی ٹی آئی کی ڈیجیٹل پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ٹی انڈسٹری کے ذریعے 2برس میں 8لاکھ نوکریاں دینے کا منصوبہ بنایاگیا ہے۔اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء اسد عمر نے کہا کہ ہم نے آئی ٹی انڈسٹری میں کام کرنے والوں کی تعداد بڑھانی ہے، آئی ٹی انڈسٹری کے ذریعے 2برس میں 8لاکھ نوکریاں دینے کا منصوبہ بنایاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ہمیشہ سازگار پچ پر کھیلنے کی عادت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری چاہتے ہیں کہ جوڑ توڑ کے ذریعے اگلی حکومت بنے لیکن پی ٹی آئی کو اس کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان قرضوں کے دلدل میں پھنس چکا ہے ہماری برآمدات گر چکی ہیں ۔تقریب سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ روزگار کی فراہمی ہمارے لئے بڑا چیلنج ہے،آئی ٹی سے گھر بیٹھی خواتین بھی روزگار کماسکیں گی۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف تمام محکموں میں ای گورننس کا نظام لاکر کرپشن پر قابو پانا چاہتی ہے ۔