کراچی (این این آئی) پی آئی اے طیارے پر سے مارخور کا نشان ہٹانے کے احکامات پر عملدرآمد کرنے میں ناکام ہوگئی اور مارخور کی تصویر والے طیارے کا استعمال جاری ہے، سپریم کورٹ نے طیارے پر سے مارخورکا نشان ہٹانے کا حکم دیا تھا۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود قومی ایئر لائن پی آئی اے کے طیارے پر سے مارخور کا نشان نہیں ہٹایا جاسکا،
مارخور کی تصویر کا حامل پروازوں کے لیے بدستور استعمال کیا جارہا ہے جبکہ قومی ایئر لائن انتظامیہ کی ویب سائٹ اور اسٹیشنری پر بھی مارخور کا نشان موجود ہے۔ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے کی دم پر سے مارخور کی تصویر ہٹانے کے لیے وقت درکار ہے۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے قومی ایئرلائن پی آئی اے کے جہازوں پر قومی پرچم کی جگہ مارخور کی تصویرلگانے پر پابندی عائد کی تھی، چیف جسٹس نے حکم دیا تھا کہ آئندہ کسی جہاز سے قومی پرچم نہیں ہٹایا جائے گا، کسی جہازسے قومی پرچم ہٹایا گیا تو حکم عدولی سمجھا جائے گا۔گذشتہ ماہ پی آئی اے کے طیارے کی دم سے قومی پرچم ہٹا کر مارخور کا ایک اسٹیکر لگا دیا گیا تھا، صرف ایک جہاز کی دم پر مارخور پینٹ کرنے سے پی آئی اے کے ایک طیارے پر پچاس ہزار ڈالر کے اخراجات آئے تھے جبکہ ڈیزائنر کو ڈیزائن بنانے کی مد میں پی آئی اے نے تین کروڑ پچاس لاکھ روپے بھی ادا کئے گئے تھے۔خیال رہے کہ قومی ایئر لائن کی ناقص حکمت عملی کے باعث خسارے میں بے تحاشہ اضافہ ہوا، جس کے بعد پی آئی اے کو 9 ماہ کے دوران 41 ارب 25 کروڑ سے زائد کا خسارہ ہوا، جو پچھلے سال کی نسبت پونے 7 ارب سے زائد ہے۔