اسلام آباد(نیوز ڈیسک )احتساب عدالت کی طرف سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ نوازشریف اور مریم نواز کی وطن واپسی کے موقع پر اڈیالہ جیل اورنیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ،
اڈیالہ جیل اورایئرپورٹ کی بیرونی سیکیورٹی رینجرز کے سپرد کردی گئی ،ایئرپورٹ کی اندرونی سیکیورٹی پر اے ایس ایف کے دستے تعینات تھے ۔ نوازشریف اور مریم نوازکو لاہور ایئرپورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کیلئے جیل سے متصل ایک سرکاری عمارت میں ہنگامی طور پر ہیلی پیڈ بنایا گیا جس کی سیکیورٹی بھی رینجرز کے سپرد کردی گئی ، ایئرپورٹ کے قرب وجوار کے راستوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی ، جگہ جگہ ناکہ بندی کی گئی تھی جبکہ کنٹینرز رکھ کر کئی مقامات سے سڑک بلا ک کی گئی تھی جس کی وجہ سے ایئرپورٹ آنے جانے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، مخصوص وقت کیلئے موبائل سروس بھی معطل کی گئی جبکہ علاقے کی فضائی نگرانی کا عمل بھی جاری رہا ،اڈیالہ جیل کی فضائی نگرانی کی جاتی رہی اور جیل کے اندر اور باہر پولیس کے کمانڈروز تعینات کئے گئے تھے ۔