حیدرآباد(این این آئی) ایم کیوایم بہادرآباد کے کارکنوں نے ایم کیو ایم زونل آفس حیدرآباد پر دھاوا بول دیا اور ڈاکٹر فاروق ستار کے حامیوں کو نکال کر دفتر پر قبضہ کر لیا جبکہ ایم کیو ایم پی آئی بی کالونی سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کی تصاویر ہٹا دیں۔بھائی خان چاڑھی پر واقع ایم کیو ایم کا زونل آفس کھلنے کے بعد اس پر ڈاکٹر فاروق ستار کے حامیوں کا قبضہ تھا لیکن بدھ کو شام میں ایم کیو ایم بہادرآباد کے عہدیداروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے دفتر پر اچانک دھاوا بول دیا
جن میں ایم کیو ایم بہادرآباد کے زونل آرگنائزظفرصدیقی، زونل کمیٹی کے ارکان افتخارعرف افتی،راشد ،شاہد اجمیری،عامربلوچ،نوید عباسی اوردیگر شامل تھے، انہوں نے زونل آفس اوراطراف سے پی آئی بی کے تمام رہنماؤں کی تصاویر اوروال چاکنگ ختم کردیں، کچھ دیر بعد پولیس کی بھاری نفری بھی پہنچ گئی تاہم کشیدگی موجود تھی۔معلوم ہوا ہے کہ جس وقت ایم کیو ایم بہادرآباد کے کارکنوں نے زونل آفس پر دھاوا بولا اس وقت ایم کیوایم پی آئی بی کے زونل آرگنائز سابق ایم پی اے راشد خلجی ،زونل کمیٹی کے رکن صابر بھٹی اوردیگر عہدیدار موجود تھے جن کو جبری طور پر دفتر سے باہر نکال دیا گیا اور قبضہ کرنے والوں نے مخالفین کے خلاف نعرے بازی بھی کی، قبضہ کرنے والوں نے ایم کیو ایم پی آئی بی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی تصویر بھی ہٹا دی اور ایم کیوایم بہادرآباد کے انتخابی نشان پتنگ کا ایک پورٹریٹ آویزاں کر دیا، اس واقعہ کے بعد حیدرآباد سٹی اور لطیف آباد میں کشیدگی پھیل گئی اور فورسز کی بڑی تعداد بھائی خان چاڑھی اور اس کے اطراف میں تعینات کر دی گئی اور بھائی خان چاڑھی کا راستہ آمدورفت کے لئے بند کر دیا گیا، چند گھنٹے بعد یہ راستہ کھول دیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار کے حامی سابق رکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین اوردیگر رہنماؤں نے زونل آفس سے ایم کیو ایم بہادرآباد کا قبضہ ختم کرانے کے لئے درپردہ کوششیں کیں مگر یہ کامیاب نہیں ہوسکے ،پتہ چلا ہے کہ ایم کیو ایم بہادر آباد کے ڈپٹی کنوینراور سابق ضلع ناظم کنورنوید اوردیگر رہنماء حیدرآبادزونل آفس سے ایم کیو ایم بہادرآباد کے انتخابی امیدواران کی رابطہ عوام کا آغاز کریں گے۔