کراچی (این این آئی) چار وفاقی اداروں کی جانب سے عام انتخابات میں ڈیوٹی سے انکار کرنے پر الیکشن کمیشن پاکستان نے ان اداروں سے جواب طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق انتخابات میں ڈیوٹی سے انکار چار وفاقی اداروں نے کیا ہے، جن میں کراچی پورٹ ٹرسٹ، اسٹیٹ لائف، ایکسائز اور اکاونٹنٹ جنرل سندھ شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے کے پی ٹی اور دیگر اداروں کو نوٹس جاری کردیا ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تمام اداروں کے سربراہ دو روز میں جواب دیں۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات میں ڈیوٹی
کے لیے اداروں سے ان کے ملازمین کی فہرست مانگی تھی، مذکورہ اداروں نے الیکشن کمیشن کو ملازمین کی فہرست فراہم نہیں کی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے وفاقی اداروں کو الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 55 کے تحت نوٹس جاری کیے گئے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اداروں نے انتخابات کے قانون کی شق کی خلاف ورزی کی ہے۔واضح رہے کہ الیکشن ایکٹ کے تحت تمام ادارے اس بات کے پابند ہیں کہ اگر الیکشن کمیشن ان سے کسی بھی قسم کا تعاون طلب کرلے تو وہ انکار نہیں کرسکتے۔