لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹریفک پولیس کی جانب سے عید الفطر کے تین روز چالان نہیں کئے جائیں گے۔ چیف ٹریفک پولیس آفیسر لاہور رائے اعجاز کے مطابق ٹریفک وارڈنز عید الفطر کی تعطیلات میں معمولی غلطی پر چالان نہیں کریں گے البتہ ون وے اور ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی پر چالان ہوگا ۔علاوہ ازیں پاکستان ریلویز کے تمام ریزرویشن دفاتر عید الفطر کے روزبندرہیں گے ۔ریزرویشن آفسزعید کے دوسرے روزدوپہر دوبجے کھل جائیں گے۔
عید کے تیسرے روزسے اپنے معمول کے اوقات کے مطابق صبح آٹھ بجے سے رات نو بجے تک کام کریں گے۔ دریں اثناء پاکستان ریلویز نے اپنے ٹریفک یارڈ سٹاف کو آپریشنل الاؤنس دینے کا اعلان کیاہے اور فنانس ڈویژن کی منظوری کے بعد اس کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیاگیاہے۔ریلوے ٹریفک یارڈ سٹاف نے آپریشنل الاؤنس کی منظوری پر چیئرمین پاکستان ریلویز، چیف ایگزیکٹوآفیس، ایڈیشنل جنرل منیجراور دیگر حکام کا شکریہ اداکیاہے۔