اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عمران خان کی رمضان المبارک کی 27ویں شب مسجد نبویؐ میں روضہ رسولؐ پر اہلیہ بشریٰ بی بی اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ حاضری، ریاض الجنۃ سے ٹیک لگا روضہ رسولؐ کے سامنے بیٹھے رہے، شب بیداری اور نوافل کی ادائیگی کے بعد آج عمرہ کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان عمرہ کی ادائیگی کیلئے گزشتہ روزسعودی عرب کیلئے روانہ ہوئے تھے۔
سعودی عرب پہنچ کر عمران خان نے مدینہ منورہ میں مسجد نبویؐ رمضان المبارک کی 27شب گزاری جہاں انہوں نے روضہ رسولؐ پر حاضری بھی دی جبکہ شب بیداری اور نوافل بھی ادا کئے، عمران خان کے ساتھ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور دیگر ساتھی بھی عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب گئے ہیں ۔ مسجد نبویؐ میں عمران خان نے شب بیداری اور نوافل کی ادائیگی کے علاوہ روضہ رسولؐ پر حاضری دی اور روضہ رسولؐ کے عین سامنے ریاض الجنۃ کے چبوترے کے ساتھ ٹیک لگا کر تسبیح و ذکر میں مصروف رہے ۔ عمران خان نے ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ مسجد نبویؐ میں روضہ رسول ؐ پر حاضری کے بعد عمران خان آج عمرہ کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ پہنچیں گے۔ واضح رہے کہ مسجد نبویؐ میں بہت کم ہی ایسا ہوتا ہے کہ روضہ رسولؐ کے عین سامنے کسی کو جگہ مل سکے کیونکہ رش کی وجہ سے انتظامیہ وہاں حاضری کے بعد رکنے کی اجازت نہیں دیتی جبکہ ریاض الجنۃ کے چبوترے کے گرد بھی بہت رش رہتا ہے اور کوئی بہت خوش نصیب ہی وہاں کچھ لمحے گزار سکتا ہے ۔ رمضان المبارک میں کیونکہ وہاں رش کی کیفیت ہوتی ہے لہٰذا ایسا ممکن نہیں ہوتا تاہم عام دنوں میں ریاض الجنۃ کے گرد با آسانی جگہ مل جاتی ہے۔واضح رہے کہ عمران خان گزشتہ روز اپنی اہلیہ کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے ۔ اس موقع پر عمران خان کے ہمراہ ان کے دوست زلفی بخاری، پولیٹیکل سیکرٹری عون چوہدری اور دیگر زعما اور ساتھی بھی مقدس سفر میں ہمراہ ہیں۔