اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں میں 90 فیصد ٹکٹس پر کوئی تنازع نہیں ،پارٹی کے لوگوں کو ٹکٹس نہ ملنے کا تاثر غلط ہے، (ن) لیگ میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل جاری ہے، خواجہ حارث کو معلوم ہے ان کے موکل لٹک گئے ہیں اس لئے وہ کیس کو لٹکا رہے ہیں،نہ ڈھیل ہونی چاہئے نہ ڈیل ہونی چاہئے۔
پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان اور پارلیمانی بورڈ سے بھی غلطیاں ہوسکتی ہیں لیکن 90 فیصد ٹکٹس پر کوئی تنازع نہیں ہے اور تحریک انصاف نے مضبوط امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام درخواستیں آن لائن موصول کی ہیں، پی ٹی آئی کے لوگوں کو ٹکٹس نہ ملنے کا تاثر غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پر کارکنان کی جانب سے بنی گالہ میں عمران خان کی رہائشگاہ کے احتجاج کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی نے کارکنان سے درخواستیں بھیجنے کا کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے آنیوالے 18 لوگوں کو بھی ٹکٹس ملے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل جاری ہے، (ن) لیگ تو ابھی تک امیدواروں کے نام جاری نہیں کرسکی۔شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز پر بات کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ خواجہ حارث کو معلوم ہے ان کے موکل لٹک گئے ہیں اس لئے وہ کیس کو لٹکا رہے ہیں، یہ صرف مقدمہ لٹکانے کے بہانے ہیں، نہ ڈھیل ہونی چاہیے اور نہ ڈیل ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یہ دلدل سے نکلنے کیلئے ہاتھ پاؤں چلا رہے ہیں لیکن اتنا ہی پھنستے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی، لاہور اور دیہی علاقوں میں بد ترین لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے، لوڈشیڈنگ پر عمران خان نے نگران وزیراعظم کوخط لکھا ہے، ہمیں انتظار ہے کہ نگران وزیراعظم توانائی کے مسئلے پر آگاہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پریس کلب کے باہر لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا جائیگا، (آج) منگل کو3 بجے پورے ملک میں پریس کلبوں کے باہر احتجاج کی کال دی ہے۔