اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ(ن ) میں ٹکٹوں کیلئے پارٹی فنڈز کے نام پربھاری رقوم وصول کرنے کا انکشاف ۔پاکستان کے موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ن لیگ میں ٹکٹوں کیلئے پارٹی فنڈز کے نام پر بھاری رقوم وصول کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ مریم نواز کے میڈیا سیل اور اہم ترین لیگی رہنمائوں کے قریبی ساتھیوں نے بھی ٹکٹیں دلانے کیلئے پارٹی فنڈز کے
نام پر کروڑوں کی رشوتیں لینا شروع کر دی ہیں ۔ اس حوالے سے 35 سے زائد کیس سامنے آ چکے ہیں جن میں لاہور کے ایک یونین کونسل کے چئیرمین سے مریم کے میڈیا سیل سے تعلق رکھنے والے ایک کارکن نے 5 کروڑ روپے ٹکٹ دلانے کے عو ض لئے ۔ اسی طرح حمزہ کے قریبی ساتھی پر لاہور کے ایک بڑے تاجر سے ٹکٹ دلانے کیلئے کروڑوں روپے لینے کا الزام ہے ۔دوسری جانب پنجاب میں ٹکٹوں کے معاملے پر مریم اور شہباز شریف کے درمیان سرد جنگ جاری ہے ۔مریم اپنے گروپ کے زیادہ افراد کو ٹکٹ دلانا چاہتی ہیں اور اس کیلئے ایسے تمام امیدوارجن کو شہبازشریف یا حمزہ کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیا جاتا ہے ان کے حلقوں کے جعلی سروے کرا کر رپورٹس بھی تیار کی گئی ہیں جن میں ان کی پوزیشن کمزور بتائی گئی ہے اور کئی امیدواروں پرسوالیہ نشان لگایا گیا ہے کہ یہ وفاداریاں تبدیل کر سکتے ہیں۔ شہباز شریف اورحمزہ شہباز بھی اپنی لابی کے امیدوار لانے کیلئے متحرک ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم وفاق سے زیادہ پنجاب پر اسلئے توجہ دے رہی ہیں کہ وہ آئندہ وزیر اعلیٰ پنجاب بن سکتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاں ن لیگ کے اندر گروپنگ مزید تیز ہو چکی ہے۔اور بڑے رہنمائوں کےگروپس سامنے آگئے ہیں جن میں شاہد خاقان، مریم،شہباز، حمزہ اور نثار گروپ قابل ذکر ہیں جو کہ اپنے اپنے امیدواروں کو ٹکٹ دلوانے کیلئے سرگرم ہیں۔