ملتان (این این آئی)سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے بلکہ اب وہ ملک گیر انتخابی مہم چلائیں گے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جاوید ہاشمی نے انتخابات 2018میں حصہ نہ لینے کااعلان کردیا ہے ۔
انہوں نے الیکشن نہ لڑنے کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ مجھے اب الیکشن لڑنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ٗپارٹی جوکام بھی میرے ذمہ لگائے گی وہ کروں گا ۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ میں نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے بلکہ اب میں ملکی سطح پر انتخابی مہم چلاؤں گا ۔ جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ عمران خان سمجھ جائیں سیاست میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے،،تحریک انصاف نے 150ٹکٹ ایسے لوگوں کو دیے جوپارٹی میں تھے ہی نہیں،سروے کے مطابق ن لیگ آگے اور پی ٹی آئی پیچھے ہے۔اس سے قبل تحریک انصاف کے امیدواروں کے اعلان کے بعد مسلم لیگ کی اعلیٰ قیادت نے جاوید ہاشمی کو پیغام بھیجوایا ہے کہ وہ اپنے معاہدے کے مطابق این اے 156سے شاہ محمود قریشی کے مقابل الیکشن میں حصہ لیں لیکن جاوید ہاشمی اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہیں کر پارہے تھے جس کی وجہ سے انہوں نے ابھی تک کاغذات نامزدگی بھی حاصل نہیں کئے اور نہ ہی لاہور میں ہونے والی پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ میں شرکت کی تھی جس کے بعد ان کا الیکشن نہ لڑنے کا اعلان سامنے آگیا۔