کراچی(این این آئی)مسلم لیگ (ن) کی کراچی میں بڑی سیاسی پیش قدمی کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کے لیے کراچی کے تین حلقوں سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں، مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا ہے کہ شہبازشریف کوکراچی کے ایک حلقے سے الیکشن لڑانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سابق وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے وکیل نے کراچی کے
تین حلقوں این اے 248، 250 اور 249 سے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل کرنے کے لیے درخواست جمع کرائی ۔ اس موقع پرمسلم لیگ (ن) کے سنیٹر سلیم ضیا نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ میاں محمد شہباز شریف اس بار کراچی سے این اے 248 ،249 250 سے الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس شہر کی محرومیوں کو دور کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ مسلم لیگ کی حکومت نے کراچی میں موٹر وے لیاری ایکسپریس وے کھلوایا اسی طرح مزید ترقیاتی منصوبے بھی مستقبل میں زیرغورہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کاامن بھی مسلم لیگ(ن) کی وجہ سے بحال ہوا،بنیادی سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے یہ شہرشدید مشکلات کا شکار ہے جس کا حل مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کو کراچی والوں نے بار بار آزمایا ہے لیکن انہوں نے کراچی والوں کوکیا دیاکراچی کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بہتر فیصلے کئے گئے ہم چھ مہینے کے اندر اندر اس شہر کی قسمت بدل سکتے ہیں جو لوگ پہلے سے اس شہر میں راج کر رہے ہیں انہوں کوئی کام نہیں کیے ہمارے منصوبوں سے کراچی بھی پنجاب کی طرح روشن ہوجائے گا اورشہرمیں پانی کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔