کراچی(این این آئی)سندھ میں سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے امیدوار نے اقلیتی نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں۔تفصیلات کے بعد سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن سردار رمیش سنگھ نے مخصوص نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ فی الحال کسی سیاسی جماعت نے ان سے رابطہ نہیں کیا۔
البتہ ان کی خواہش ہے کہ اسمبلی میں سکھ کمیونٹی کی نمایندگی ہو، ساتھ ہی انھوں نے امید ظاہر کی کہ پیپلزپارٹی انھیں اقلیتی نشست کے لیے زیر غور لائے گی۔واضح رہے کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں میں سکھ برادری بھی شامل ہے، یہ ایک چھوٹی سی برادری ہے، جس کی تعداد فقط چھ ہزار ہے۔ سکھوں کی اکثریت پنجاب میں آباد ہے۔ البتہ سکھ کمیونٹی کا دعوی ہے کہ ان کے اصل ارکان کی تعداد تیس ہزار کے قریب ہے۔قیام پاکستان کے بعد کبھی کوئی سکھ امیدوار سندھ اسمبلی کے لیے منتخب نہیں ہوا۔ رمیش سنگھ سندھ کمیونٹی کی معروف شخصیت ہیں۔یاد رہے کہ مخصوص نشستوں کے لیے کسی پارٹی سے وابستگی لازمی ہے۔ رمیش سنگھ کو امید ہے کہ پیپلزپارٹی انھیں سندھ اسمبلی میں نمائندگی کا موقع فراہم کرے گی۔