ملتان (نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی کتاب نے اس وقت تہلکہ مچا رکھا ہے، ریحام خان کی اس کتاب پر سینئر سول جج کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف لائرز ونگ کے صدر کی درخواست پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے ریحام خان کو عدالت طلب کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف لائرز ونگ کے صدر غلام مصطفی چوہان کی طرف سے دائر کی گئی درخواست میں موقف
اختیار کیا گیا ہے کہ ریحام خان مسلم لیگ (ن) کے پے رول پر ہیں اور یہ سازش سابق سفیر حسین حقانی کے ساتھ مل کر ریحام خان نے کی ہے۔ درخواست گزار نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اس کتاب پر پابندی لگائی جائے اور اس کی اشاعت کو روکا جائے۔ اس درخواست پر عدالت نے مختصر سماعت کے بعد حکم امتناع جاری کرتے ہوئے ریحام خان، حسین حقانی اور پیمرا کے نمائندے کو 9 جون کو عدالت طلب کر لیا ہے۔