ملتان(آئی این پی ) سماجی کارکن، سابق صحافی اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی کتاب کے خلاف ملتان میں سول جج کی عدالت میں درخواست دائر کردی گئی، عدالت نے ریحام خان، حسین حقانی اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کو 9 جون کو طلب کرلیا۔ منگل کو ریحام خان کی کتاب کے خلاف ملتان میں سول جج کی عدالت میں درخواست دائر کردی،
درخواست تحریک انصاف لائرز ونگ کے صدر غلام مصطفی چوہان کی جانب سے دائر کی گئی۔ جس میں درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ریحام خان مسلم لیگ(ن)کے پیرول پر ہیں اور انہوں نے یہ سازش سابق سفیر حسین حقانی کے ساتھ مل کر کی ہے۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ ریحام خان کی کتاب پر پابندی لگائی جائے اور اس کی اشاعت کو روکا جائے۔مختصر سماعت کے بعد عدالت نے ریحام خان، حسین حقانی اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کو 9 جون کو طلب کرلیا۔