کراچی (این این آئی) لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، گرمیاں ابھی صحیح طرح آئی نہیں لیکن لوڈشیڈنگ کتنے گھنٹے ؟ عوام کا جینا محال ہوگیا،پانی کی قلت بھی شروع، تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں گرمی بڑھتے ہی کے الیکٹرک کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا آغاز ہوگیا۔کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی ہے۔ بجلی کی طلب بڑھنے کی وجہ سے کے الیکٹرک کا سسٹم بیٹھنے لگا۔ مختلف علاقوں میں
لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 9 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے جب کہ مستثنی علاقوں میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔ شہر کے متاثرہ علاقوں میں کورنگی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، گلشنِ اقبال اور اورنگی ٹان بھی شامل ہیں۔شدید گرمی اور اوپر سے بجلی کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کردیا ہے۔ پنکھے، اے سی بند ہونے کے باعث چھوٹے بچے خصوصا زیادہ پریشان ہیں جب کہ اسکولوں میں بھی تعلیمی عمل میں خلل پڑ رہا ہے۔ بجلی کی بندش کی وجہ سے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت بھی شروع ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز درجہ حرارت 40 ڈگری تک جاپہنچا تھا۔ شہر قائد میں گرمی کی لہر برقرار ہے اور درجہ حرارت 40 ڈگری تک جاپہنچا ہے۔دریں اثناء کراچی میں گزشتہ ہفتے سے جاری گرمی کی لہر برقرار ہے، شدید گرمی اور سمندر کی جانب سے چلنے والی ہواؤں کی بندش نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک جا پہنچا لیکن گرمی کی شدت (ہیٹ انڈیکس) 43 ڈگری محسوس کی گئی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت شہر میں 10 کلو میٹر کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ان کا رخ جنوب سے شمال کی جانب ہے۔طبی ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اس کے علاوہ پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال بڑھادیں۔