اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پی آئی اے اسٹیورڈ منشیات رکھنے کے الزام میں پیرس میں گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے اسٹیورڈ تنویر گلزار کو فرانسیسی حکام نے پیرس ائیرپورٹ پر دوران تلاشی منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 749پیرس پہنچی تو فرانسیسی حکام نے شک گزرنے پر فلائٹ اسٹیورڈ تنویر گلزار کی تلاشی لی جس کے پاس سے منشیات برآمد ہوئی جس پر اسے حراست میں لے لیا گیا تاہم فرانسیسی حکام
کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ پی آئی اے کےفلائٹ اسٹیورڈ کے پاس سے کتنی منشیات برآمد ہوئی ہے۔ ترجمان پی آئی اے کا معاملے پر کہنا ہے کہ سکیورٹی چیکنگ پی آئی اے کی ذمہ داری نہیں ، سوال یہ ہے کہ فلائٹ اسٹیورڈ تنویر گلزار نے سکیورٹی مراحل سے گزار کر منشیات طیارے تک کیسے پہنچائی۔ پی آئی اے نے تنویر گلزار کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں اسے معطل کر دیا ہے تاہم الزام ثابت ہونے پر نوکری سے برخاست کر دیا جائے گا۔