اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی نے غیر ملکی اور غیر سرکاری تنظیموں سے مل کر تقریبات کیلئے متعلقہ محکمہ داخلہ سے پیشگی اجازت لازمی قرار دیدی۔نجی ٹی وی کے مطابق وزارتِ داخلہ نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی کے ذریعے اہم قدم اٹھاتے ہوئے غیر ملکی این جی اوز اور اداروں کے تعاون سے تقریبات کیلئے پیشگی این او سی لازم قرار دیدی ہے اور کسی فرد یا ادارے کے غیر ملکی
این جی اوز کے ساتھ براہ راست رابطے پر پابندی عائد کر دی ہے۔سرکاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ غیر ملکی این جی اوز کے تعاون سے کوئی تقریب منعقد کرنے سے قبل متعلقہ محکمہ داخلہ سے این او سی لازمی لیا جائے۔فیصلے کا اسلام آباد ٗچاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں فوری اطلاق ہو گا۔ چاروں صوبائی محکمہ داخلہ اور ایچ ای سی سمیت تمام متعلقہ اداروں کو نیا ہدایت نامہ بھجوا دیا گیا ہے۔