اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین نادرا نے جنرل منیجر مظفر علی شاہ کو عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین نادرا نے جنرل منیجر مظفر علی شاہ کو اختیارات کے غلط استعمال کے الزام میں نوکری سے برطرف کردیا ہے۔چئیرمین نادرا کے مطابق مظفر علی شاہ پر خاتون اہلکار کو ہراساں کرنے کا الزام تھا، ان کے خلاف الزامات پر نادرا کی جانب سے 3 سینئر ڈائریکٹر جنرلز پر مشتمل ایک تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کی گئی تھی تاہم
مظفرعلی شاہ نے تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے سرد مہری کا مظاہرہ کیا اور شواہد و گواہان کے بیانات کا تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے یا ٹال مٹول کرتے رہے جس پر محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے مظفرعلی شاہ کو نوکری سے برطرف کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ مظفرعلی شاہ ماضی میں ڈپٹی چئیرمین نادرا کے عہدے پر بھی فائر رہے ہیں جبکہ انہیں خاتون اہلکار کو ہراساں کرنے کے الزام میں او ایس ڈی بھی بنایا گیا تھا تاہم اب انہیں نوکری سے ہی برطرف کردیا گیا ہے۔