(مانیٹرنگ ڈیسک) عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان بھی قصور پہنچ گئیں، نام لئے بغیر طاہر القادری پر تنقید، زینب قتل کو سیاسی رنگ نہ دینے کی اپیل کر دی۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی سابقہ اہلیہ معروف صحافی و سوشل ورکر ریحام خان قصور پہنچ گئی ہیں ۔ قصور میں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے ریحام خان کا کہنا تھا کہ وہ برطانیہ میں ایک پروجیکٹ کے سلسلے میں موجود تھیں
جب انہیں قصور میں زینب کے قتل کے اندوہناک واقعہ کے بارے میں پتہ چلا جس کا سن کر وہ واپس وطن پہنچی اور سیدھا قصور آگئی ہیں۔ ریحام خان کا کہنا تھا کہ قصور میں ہونے والے تسلسل سے اندوہناک واقعات پر ایکشن نہ لیا جانا لمحہ فکریہ ہے ہم کب تک ایسے ہی اپنی بچیوں کی لاشیں اٹھاتے رہیں گے۔ انہوں نے قصور میں سرجیکل آپریشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ زینب کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے اس موقع پر اپیل کرتے ہوئے کہا کہ زینب قتل کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔ ریحام خان نے نام لئے بغیر طاہر القادری پر بھی تنقیدکی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی شخصیت زینب کے نماز جنازہ میں پہنچے ، اچھی بات ہے کہ جنازہ پڑھنا مگر کبھی کسی بچی کی سالگرہ یا شادی کی تقریب میں بھی پہنچا جائے۔واضح رہے کہ اس وقت مختلف سیاسی و معروف شخصیات زینب کے اہل خانہ سے تعزیت کیلئے ان کے گھر واقع قصور پہنچ رہے ہیں۔ جبکہ زینب کی نماز جنازہ عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے پڑھائی تھی اورزینب کی تدفین کے بعد اچانک قصور شہر میں ہنگامے اور مظاہرے پھوٹ پڑے تھے۔ طاہر القادری نے زینب قتل پر احتجاج کرنے والے شہریوں پر پولیس کی فائرنگ اور ہلاکت پر اسے ایک سانحہ قرار دیتے ہوئے سانحہ ماڈل ٹائون اور سانحہ قصور کے خلاف ایک ساتھ احتجاج کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔