ہفتہ‬‮ ، 23 ‬‮نومبر‬‮ 2024 

ہمارے خلاف ناپاک سازش کی گئی،عزت سے رہنا ہے یا ذلت سے؟سیاسی ، عدالتی اور عسکری قیادت کو مل بیٹھ کر فیصلہ کرلے،شہبازشریف نے بڑا مطالبہ کردیا

datetime 6  جنوری‬‮  2018
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ علماء کرام اور مشائخ عظام پر قوم کی تقدیر کو سنوارنے اور اصلاح معاشرہ کی بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ،علماء کرام کی اکثریت حق اور سچ کی بات کرتی ہے اوراللہ تعالی نے علماء کرام کو بے شمار صلاحیتو ں سے نوازا ہے،علماء کرام ایسی عظیم ہستیاں ہیں جو ایک استاد ،خطیب ، مفتی اور عالم کی حیثیت سے قوم کی تقدیر بدلنے میں اپنا کردار ادا کرسکتی ہیں،

قوم کے اندر ہیجانی کیفیت کے تدارک اور فروعی اختلافات کو ختم کرنے کے لئے علماء کرام کا کلیدی کردار ہے اورمذہبی منافرت کے خاتمے کے لئے بھی ان کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ،پاکستان کے اندر انتشار او رہیجانی کیفیت میں کمی لانے کے لئے علماء حق کو آگے بڑھ کر ا پنا بھرپور کردار ا دا کرنا ہے،ہر مسلمان ناموس رسالتؐ پر کٹ مرنے کے لئے تیار ہے،جس نبیؐ کی ناموس کے لئے ہم کٹ مرنے کے لئے تیار ہیں، ان کی زندگی کا پیغام دکھی انسانیت ،یتیموں اور بیواؤں کی خدمت ہے ،نبی پاک ؐ نے معافی اور درگزر کا پیغام دیاہے ۔ آپؐ کا پیغام دولت کی تقسیم کو منصفانہ بناناہے،علماء کرام نبی پاکؐ کے اس پیغام کو فروغ دیں تو پاکستان محبت ، ایثاراور دولت کی منصفانہ تقسیم کا نمونہ بن جائے گا۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ایوان وزیراعلی میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جیدعلماء کرام کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ گزشتہ چند دہائیوں سے مذہبی منافرت سے ملک میں جو تشویش پیدا ہوئی ہے اس کو علماء کرام اور مشائخ عظام ہی موثر طریقے سے سلجھا سکتے ہیں ۔نبی کریم ؐ نے غیر مسلموں کو امن اور تحفظ دینے کے لئے میثاق مدینہ کا معاہدہ کیااور نبی کریم ؐ کا میثاق مدینہ کا معاہدہ ہمارے لئے بہت بڑی مثال ہے،اسی طرح حضور پاکؐنے صلح حدیبہ کے ذریعے سے پیغام دیا کہ چیلنجز او رمشکلات سے کس طرح نمٹنا ہے ۔صلح حدیبہ کا پیغام یہ ہے کہ مسلمانوں

کو ا پنے معاملات مشاورت ،تدبر ، حکمت اور سمجھداری سے حل کرنے ہیں اور صلح حدیبہ اس حوالے سے ایک درخشاں مثال ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے اندر انتشار اور ہیجانی کیفیت میں کمی لانے کے لئے علماء حق کو آگے بڑھ کر اپنابھرپور کردار ادا کرنا ہے۔قائدؒ او راقبالؒ نے بھی اپنی تعلیمات میں یہی پیغام دیاہے۔ بد قسمتی سے غریب او رامیر میں فرق بڑھتا جا رہاہے۔چھینا جھپٹی او روسائل کی لوٹ مار سے غریب غریب تر ہوگیا ہے اور دکھی انسانیت بد ترین دور سے گزر رہی ہے ۔

علماء کرام قرآن و سنت کی روشنی میں ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے منبر رسول ؐ کے ذریعے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج کے اس روح پرور اجتماع سے پورے پاکستان اور دنیا میں اتحاد او ریکجہتی کا پیغام جائے گا اور مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ ملے گا۔وزیراعلی نے کہاکہ اس وقت قومی اتحاد کو منظم نا پاک سازش کے تحت پارہ پارہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اس میں بعض خارجی طاقتوں کا بہت کردار ہے ۔انہوں نے کہاکہ امریکہ کے صدر نے اپنے ٹویٹ کے ذریعے پاکستان کے 21کروڑ عوام پر طعنہ زنی کی ہے اورامریکی صدر نے پاکستان کو بے وفا اور سازشی کہہ کر ہمارے قومی وقار کی توہین کی ہے۔

ملک کے عوام نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے امن کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔امریکی صدر نے ہماری ان قربانیوں کی توہین کی ہے ۔پاکستان کی فوج ، پولیس اور زندگی کے ہر طبقے کے فرد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے۔امریکی صدر کا چھبتا ہوا بیان ہماری قربانیوں کی ڈالروں اور پاؤنڈوں میں قیمت لگانے کی ناپاک سازش ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہزاروں قربانیوں کو ڈالروں میں تولنے والے جان لیں ،پوری قوم اغیار کے ان ناپاک عزائم کو اتحاد کی قوت سے خاک میں ملا دے گی۔

ایک طرف اغیار ہماری تضحیک کررہا ہے جبکہ دوسری جانب ملک میں 2012سے شروع ہونے وا لی دھرنوں کی منفی سیاست کے ذریعے اس قبیح فعل کو تقویت دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ہم نے قربانیاں ڈالروں کے لئے نہیں بلکہ پاکستان اور دنیا کے امن کے لئے دی ہیں۔ہمیں بے وفائی کا طعنہ دیا جا رہاہے جو ہم سب کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔سیاسی ، عدالتی ، عسکری قیادت کو مل بیٹھ کر فیصلہ کرنا ہے کہ ہمیں عزت سے رہنا ہے یا ذلت کی زندگی گزارنی ہے ۔ہمیں ملکر پاکستان کوفلاحی مملکت بنانا ہے اور قائدؒ و اقبالؒ کے تصورات کے مطابق ڈھالناہے۔

اگر ہم نے آج بھی مل بیٹھ کر ملک کی تقدیر بدلنے کا فیصلہ نہ کیا توہم پر یونہی قیامت تک طعنہ زنی ہوتی رہے گی۔انہوں نے کہاکہ شہداء ہمارے ہیرو ہیں اور ان کے خاندانوں کے حوصلے بلند ہیں۔ میں گزشتہ روز شہید سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کے گھر گیا اور ان کے والدین او ربہن بھائیوں سے ملا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ رانا ثناء اللہ نے ختم نبوتؐ کے حوالے سے بڑی صراحت کے ساتھ اپنا موقف بیان کیا ہے ۔انہوں نے واضح الفاظ میں کہاہے کہ ختم نبوت ؐ ان کے ایمان کا حصہ ہے ۔رانا ثناء اللہ نے قادیانیوں کے حوالے سے بھی واضح موقف اپنایا ہے ،

اب اس پر مزید بحث کی گنجائش نہیں رہتی ۔انہوں نے کہاکہ آج کی محفل میں بھی ناموس رسالتؐ کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو ہوئی ہے اور آپ نے خود کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے اقدامات سے قانون مزید مضبوط ہوگیا ہے ۔اب ہمیں اسے سیاسی رنگ دینے کی بجائے ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے ملکر آگے بڑھنا ہے۔قوم میں تفریق پیدا کرنے کی بجائے اسے اس طرح متحد کرنا کہ یہ اغیار کے سا منے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں۔انہوں نے کہاکہ امریکی صدر جن 33ارب ڈالر دینے کی بات کرتے ہیں اس کا تو حساب ہوجائے گاتاہم یہ بھی واضح ہوجانا چاہیے کہ اغیار جس کا طعنہ دیتے ہیں وہ کولیشن سپورٹ فنڈ ہے جو دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے مشترکہ پلان پر عملدرآمد کے لئے ہے۔

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء ا للہ نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ختم نبوتؐ میرے ایمان کا بنیادی جزو ہے۔ ختم نبوت ؐ پر ایمان نہ رکھنے والا دائرہ اسلام سے خارج ہے۔ انہوں نے کہاکہ قادیانی کافر اور غیر مسلم ہیں اور دین کے اندر فتنے کا سبب ہیں۔علماء کرا م نے پنجاب کی ترقی کے حوالے سے وزیراعلی شہبازشریف کے اقدامات کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ علماء کے کنونشن کا انعقاد خوش آئند امر ہے ۔حکومت نے عقیدہ ختم نبوتؐ کے پیدا ہونے والے مسئلے کو بروقت حل کیا ہے جو قابل تحسین ہے۔علامہ سید ریاض حسین نجفی نے کہاکہ سی پیک ہمارے لئے بہت بڑی نعمت ہے۔

پنجاب کے وزیراعلی شہبازشریف تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی ترقی کے لئے ا نقلابی نوعیت کے اقدامات کر رہے ہیں۔ان اقدامات کے ثمرات اسی وقت با ر آور ثابت ہوں گے جب ملک میں امن اور قومی یکجہتی ہوگی۔مولانا الیاس چنیوٹی نے کہاکہ حکومت کے بروقت فیصلوں اور اقدامات سے ختم نبوتؐ کا مسئلہ حل ہوگیاہے ۔پنجاب کے وزیراعلی شہبازشریف نے اس مسئلے کے بارے میں اسی وقت آواز ا ٹھائی تھی جب یہ مسئلہ کھڑا ہو ا تھا ۔انہوں نے کہا کہ ملک اور بیرون ملک پنجاب کی بے مثال ترقی کو سراہا جا رہا ہے۔علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے کہاکہ ختم نبوتؐ کے معاملے پر کچھ لوگوں نے اپنے مفادات کی خاطرغلط روش اپنائی جس سے ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔

علامہ سید چراغدین نے کہاکہ وزیراعلی شہبازشریف ایسی شخصیت کے مالک ہیں جو غیر متنازعہ ہے اور ان کی کارکردگی کا دشمن بھی اعتراف کرتے ہیں ۔دعا ہے کہ اللہ تعالی انہیں پورے ملک کی خدمت کا موقع عطا فرمائے۔اللہ تعالی نے شہبازشریف کو بے مثال صلاحیتوں سے نوازا ہے اور انہوں نے پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے مثالی صوبہ بنادیاہے ۔میٹروبس جیسے فلاحی منصوبو ں سے روزانہ لاکھوں لوگ مستفید ہورہے ہیں۔مولانا محمد خان لغاری نے کہاکہ آج کی مجلس وزیراعلی شہبازشریف پر مکمل اعتماد کا اظہار ہے اور علماء کرام آپ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ شہبازشریف اور ان کا خاندان دین اسلام کی سپاہی کی حیثیت سے خدمت کر رہے ہیں۔مفتی انتخاب احمد نوری نے کہا کہ ختم نبوتؐ کے معاملے پر سیاسی کھیل کھیلا جا رہاہے اور ہم اس مسئلے پر سب سے پہلے آوازاٹھانے پر شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پی کے ایل آئی ، میٹروبس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین جیسے منصوبے پنجاب حکومت کے عوام کے لئے تحفے ہیں۔مولانا محمد ا مجد نے کہاکہ پنجاب کے وزیراعلی شہبازشریف نے ختم نبوتؐ کے مسئلے پر سب سے پہلے آواز ا ٹھا کر عقیدہ ختم نبوتؐ کا محافظ ہونے کاحق ادا کیاہے۔ صوبائی وزراء رانا ثنا ء اللہ خان، زعیم حسین قادری،سید رضا علی گیلانی ، اراکین اسمبلی ، پنجاب کے اعلی حکام اور ملک بھر سے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام نے شرکت کی۔

ایوان وزیراعلی میں منعقد جید علماء کرام کے کنونشن میں شرکت کرنے والوں میں علامہ غلام محمد سیالوی،مولانا عبدالوہاب روپڑی ،علامہ محمد حسین اکبر،مولانا محمد امجد خان، علامہ سید ریاض حسین نجفی ، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، پیرمحفوظ احمد مشہدی، مولانا محب اللہ نوری، انعام الحق شاہ، حافظ اسعد عبیدالازہری، مولانا محمد عبدالمتین خان (زاہدالراشدی)، پیر سید چراغ الدین شاہ، مولانا محمد نعیم بٹ، میاں محمود عباس، سید عتیق الرحمن شاہ، مولانا عرفان اللہ ثنائی، مولانا محمد یاسین راہی، پروفیسر عبدالرحمن شارق، شفقت حسین ملک، مولانا سید آغا سبطین حیدر سبزواری، سید نو بہار شاہ، علامہ رشید ترابی، مولانا افضل حیدری اور دیگر جید علماء کرام شامل تھے۔

موضوعات:



کالم



ہم سموگ سے کیسے بچ سکتے ہیں (حصہ دوم)


آب اب تیسری مثال بھی ملاحظہ کیجیے‘ چین نے 1980ء…

ہم سموگ سے کیسے بچ سکتے ہیں؟

سوئٹزر لینڈ دنیا کے سات صاف ستھرے ملکوں میں شمار…

بس وکٹ نہیں چھوڑنی

ویسٹ انڈیز کے سر گارفیلڈ سوبرز کرکٹ کی چار سو…

23 سال

قائداعظم محمد علی جناح 1930ء میں ہندوستانی مسلمانوں…

پاکستان کب ٹھیک ہو گا؟

’’پاکستان کب ٹھیک ہوگا‘‘ اس کے چہرے پر تشویش…

ٹھیک ہو جائے گا

اسلام آباد کے بلیو ایریا میں درجنوں اونچی عمارتیں…

دوبئی کا دوسرا پیغام

جولائی 2024ء میں بنگلہ دیش میں طالب علموں کی تحریک…

دوبئی کاپاکستان کے نام پیغام

شیخ محمد بن راشد المختوم نے جب دوبئی ڈویلپ کرنا…

آرٹ آف لیونگ

’’ہمارے دادا ہمیں سیب کے باغ میں لے جاتے تھے‘…

عمران خان ہماری جان

’’آپ ہمارے خان کے خلاف کیوں ہیں؟‘‘ وہ مسکرا…

عزت کو ترستا ہوا معاشرہ

اسلام آباد میں کرسٹیز کیفے کے نام سے ڈونٹس شاپ…