اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما فیصل واڈا کا کہناہے کہ نواز شریف کے اقدامات سے جمہوریت کو خطرہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں تحریک انصاف کے رہنما فیصل واڈا نے چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی، اس ملاقات میں
سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی، ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فیصل واڈا نے کہا کہ نواز شریف کے اقدامات کے باعث جمہوریت کو خطرہ ہے لیکن تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جمہوریت کو بچانے کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما فیصل واڈا نے ایک بار پھر ایم کیو ایم کی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے مسلم لیگ (ن) سے معاملات طے کر لیے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے بارے میں اپنے موقف پر آج بھی قائم ہوں، انہوں نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم نے زبان بند نہ کی تو بہت سارے ثبوت سامنے لے آؤں گا، تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ جمہوریت کو بچانے کا واحد حل نئے انتخابات ہیں، انہوں نے چیئرمین نیب کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر تحریک انصاف کے چیئرمین ہی اپنا ردعمل دیں گے لیکن یہ بات واضح ہے کہ اگر دو چور مل کر چیئرمین نیب مقرر کریں گے تو کیا وہ احتساب کریں گے۔