اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پشاور میں ڈینگی کے حملے اور مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھتے ہوئے حکومت پنجاب میدان میں آچکی ہے اور خیبرپختونخواہ حکومت کی معاونت کیلئے ڈاکٹروں کی ٹیمیں، ہیلتھ یونٹس اور طبی سازوسامان بھیجنے کے بعد ڈینگی سے
متعلق پشتو ہیلپ لائن قائم کر دی جہاں موجود ماہرین پشتو میں ہی پشتون بھائیوں کو ڈینگی سے متعلق آگاہی فراہم کرینگے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈینگی بارے رہنمائی اور آگاہی کیلئے پشتو بولنے والے خیبرپختونخواہ کے عوام کیلئے ہیلپ لائن 0800-99000قائم کر دی گئی ہےجہاں کال کرنے پر ڈاکٹرز پشتو میں ڈینگی بارے رہنمائی فراہم کرینگے۔واضح رہے کہ اس سے قبل خیبرپختونخواہ حکومت کے محکمہ صحت کی جانب پنجاب سے جانیوالے ہیلتھ یونٹس جو ڈینگی کے خلاف پشاور کے عوام کی مدد کیلئے بھیجے گئے تھے کو ہسپتالوں میں آنے سے روک دیا گیا تھا جبکہ ڈپٹی کمشنر پشاور کی جانب سے حکومت پنجاب کو بھیجے گئے ایک مراسلہ میں ان ہیلتھ یونٹس کو سکیورٹی رسک بھی قرار دیا گیا تھا جبکہ خیبرپختونخواہ میں تحریک انصاف کی حکومت اسے سیاسی ہتھکنڈا بھی کہتی رہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے ہیلپ لائن کے قیام اور ہیلتھ یونٹس بھیجنے کے اقدامات کو پشاور کی عوام کی جانب سے سراہا جا رہا ہے ۔