اسلام آباد (این این آئی)سی ڈی اے انتظامیہ نے مزدور یونین کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے تحت عیدالاضحی کے موقع پرملازمین (بشمول ڈیلی ویجز،کنٹریکٹ اور مسٹررول) کے لیے عید بونس کی منظوری دے دی ہے جسکا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفیکیشن کے تحت24 اگست کو تمام نان گزیٹڈ ملازمین(سکیل نمبر01تا 16) کو ایک موجودہ بنیادی تنخواہ اور گزیٹڈ ملازمین کو آدھی موجودہ بنیادی تنخواہ بطور عید بونس بمعہ تنخواہ اور ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن ادا کردی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سی ڈی اے کے کنٹریکٹ ،ڈیلی ویجزاور مسٹررول ملازمین کو ان کے سکیل کے مطابق عید بونس کی ادائیگی کی جائے گی ۔نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی سی ڈی اے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور وہ مرکزی یونین آفس میں جمع ہو گئے اور اپنی بھرپور خوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یاسین نے میئروچیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز ،ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیرزادہ، ممبر فنانس فہدہارون اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے یقیناًسی ڈی اے کے غریب ملازمین کی خوشیوں میں اضافہ ہو گا اور اس مہنگائی کے دور میں بہتر انداز میں اپنا مذہبی تہوار منا سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سی ڈی اے مزدور یونین نے ہمیشہ ملازمین کے حقوق کی جدوجہد کی اور اپنی افہام و تفہیم کی پالیسی کو جاری رکھتے ہوئے ہمیشہ انتظامیہ سے گفت و شنید کے ذریعے محنت کشوں کے جائز مطالبات کو منوایا۔انھوں نے کہا کہ سی ڈی اے انتظامیہ ادارے کی سی بی اے یونین کے ساتھ مل کر تمام فیصلے کرے اور سی بی اے یونین کے ساتھ طے شدہ معاہدوں کی پاسداری کی جائے تاکہ ادارے اور شہر کا صنعتی امن قائم رہ سکے ۔