کراچی (این این آئی) پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے وقت شہر قائد کی سڑکیں سنسان ہوگئیں ،شہریوں اور تاجروں نے گھروں اور اپنے دفاتر میں ٹی وی اسکرینوں کے سامنے بیٹھ کر پاناما کیس کا فیصلہ سنا ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کا فیصلہ سنادیا گیا ۔فیصلے کے حوالے سے کراچی کے شہریوں نے گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا ۔فیصلے کے وقت شہر کی سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے سے پاک بھارت کرکٹ میچ کا گمان ہونے لگا
اور ماضی میں ایک سیاسی جماعت کی ہڑتال جیسا ماحول بن گیا ۔فیصلہ سننے کے لیے مارکیٹوں میں دکانداروں نے ٹی وی رکھے ہوئے تھے ۔شہریوں نے اپنے گھروں اور صنعتکاروں نے اپنے دفاتر میں سپریم کورٹ کا فیصلہ سنا ۔سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد اس حوالے سے بحث و مباحثہ کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوگیا اور سارا دن پاناما کیس کا فیصلہ شہریوں کا موضوع گفتگو رہا ۔