اسلام آباد (نیوز ڈیسک)لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں رائے ونڈ روڈ پر قائم ایک نجی یونیورسٹی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک طالبہ نے عمارت سے چھلانگ لگا دی۔پولیس کے مطابق 21 سالہ طالبہ نے یونیورسٹی کی عمارت کی دوسری منزل سے نیچے کودنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی۔
زخمی طالبہ کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔نواب ٹاؤن پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چند روز قبل اسی تعلیمی ادارے کے ایک اور طالبعلم نے بھی چوتھی منزل سے چھلانگ لگا کر اپنی جان لینے کی کوشش کی تھی۔پولیس کے مطابق متاثرہ طالبہ ڈی فارم پروگرام میں زیرِ تعلیم ہے اور اس کا تعلق نارنگ منڈی، ضلع شیخوپورہ سے ہے۔ واقعے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے عارضی طور پر ادارہ بند کر دیا ہے۔















































