لاہور/اسلام آباد(این این آئی) مسلم لیگ (ق)کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے تمام مسلم لیگیوں کو پاکستان مسلم لیگ کے پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے یہ وہ جماعت ہے جس کی بے لوث خدمت اور دیانت ثابت ہو چکی ہے۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر پارٹی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
اجلاس میں طارق بشیر چیمہ ایم این اے نے بھی خطاب کیا جبکہ سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، حسین الٰہی، سابق ایم پی اے عبداللہ یوسف وڑائچ، سعادت نواز اجنالہ اور دیگر پارٹی رہنما بھی شریک تھے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں حکمرانوں کی کرپشن کے باعث ہی سپریم کورٹ میں انہیں گارڈ فادر قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی لوٹ مار اور خورد برد ثابت ہو چکی ہے، جے آئی ٹی میں ہر کوئی اپنی جان بچانے کی کوشش کرتا رہا لیکن تفتیش سے پورے ٹبر کی پارسائی کا بھانڈا پھوٹ گیا، قوم اور عوام کا سرمایہ لوٹنے والے اپنی پارسائی اور نام نہاد عوامی خدمت کے یہ جھوٹے دعویدار غریب اور عام آدمی کی کیا خدمت کر سکتے ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ نے اپنے پانچ سالہ اقتدار میں عوامی فلاح و بہبود کے بے مثال کاموں کے نئے ریکارڈ قائم کیے اور یہ ثابت کیا کہ یہ واحد جماعت ہے جو نہ صرف عوامی خدمت، ملکی ترقی اور خوشحالی کی دعویدار ہے بلکہ اس پر یقین رکھتی ہے اور اس نے اپنے دعوؤں اور وعدوں کو عملی طور پر سچ کر کے بھی دکھا دیا ہے جبکہ اپنے سوا ہر ایک پر کرپشن کا الزام لگانے والے گاڈ فادرز کے کرپشن، چوری اور لوٹ مار کے نت نئے ریکارڈ سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر نوازشریف دو ججوں کا فیصلہ آنے پر ہی اسے تسلیم کر لیتے اور وزرات عظمیٰ کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیتے تو آج سپریم کورٹ میں اور گلی گلی میں ان کی اور ان کے بھائیوں، بچوں کی یہ رسوائی نہ ہوتی۔
طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ قومی و عوامی سرمایہ کی لوٹ مار اور ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے بنائی گئی ن لیگ کا کوئی مستقبل نہیں، دوسروں پر جھوٹے الزام لگانے والے خود قومی چور اور ڈاکو ثابت ہو گئے ان حکمرانوں کی شہ پر دوسروں کو گالیاں دینے والے بھونپو یاد رکھیں کہ انہوں نے تو مصیبت میں ایک دوسرے کے دستخط اور اپنے قریبی رشتہ داروں کو بھی پہچاننے سے انکار کر دیا جو کہ جے آئی ٹی میں تفتیش کے دوران ثابت ہو گیا۔