اسلام آباد(مانیـٹرنگ ڈیسک)رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی پاکستان میں ناجائز منافع خور سرگرم عمل ہو جاتے ہیں جس سے نہ صرف عوام کی جیبوں پر اس طرح کھلے عام ڈاکہ ڈالا جاتا ہے کہ کوئی کچھ کر بھی نہیں سکتا۔ گرمیوں کے روزوں میں عوام افطار کے وقت مشروبات اور فروٹ کا استعمال زیادہ کرتے ہیں ۔ عوام کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے ناجائز منافع خوروں نے
پچھلی بار کی طرح بھی پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر کے عوام کو پریشان کر رکھا ہے۔ پھلوں کی مناسب قیمت پر دستیابی ایک خواب بن کر رہ گیا ہے۔ مگر آپ یہ جان کر خوش ہو جائیں گے کہ پھلوں کی قیمتوں کو اعتدال بلکہ سستا کرنے کیلئے انٹرنیٹ پر ایک طریقہ وائر ہو چکا ہے۔ وائر ہونے والی تحریر میں بتایا گیا کہ ہے آپ کو بس یہ کرنا ہے کہ جون کے ابتدائی دنوں یعنی جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کو فروٹ کا بائیکاٹ کر دیں اور پھلوں کی خریدو فروخت نہ کریں۔ناجائز منافع خوروں کے گوداموں میں پڑے پھل جب گرمی سے گلنے سڑنے لگ جائیں گے تو وہ یہی پھل جو ابھی مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں ان کو مارکیٹ میں سستے داموں فروخت کرنے پر مجبور ہو جائیں گے جس سے پھل نہ صرف عام آدمی تک باآسانی دستیاب ہونگے بلکہ اس سے ان ناجائز منافع خوروں کے ہوش بھی ٹھکانے آجائیں گے۔ یہ طریقہ نہ صرف آپ کو بحیثیت صارف آپ کی اہمیت کا اندازہ لگانے میں معاون ثابت ہو گا بلکہ اس طریقہ کو استعمال کرتے ہوئے بحیثیت ایک قوم کے آپ میں اجتماعی شعور کا بھی احساس اجاگر ہو گا۔