کراچی(این این آئی)جاپانی جریدے ایشین ریویو نے کہاہے کہ چینی سرمایہ کاری پاکستانی معیشت کی شرح نمومیں اضافے کا باعث بنے گی۔اپنی تازہ ترین رپورٹ میںجاپانی جریدے ایشین ریویو نے کہاہے کہ پاکستانی معیشت کیلئے سب سے اہم ہے، چینی سرمایہ کاری پاکستانی معیشت کی شرح نمومیں اضافے کا باعث بنے گی، پاک چین اقتصادی راہداری معاہدے کے تحت
40 سے زائد منصوبوں پر کام ہوگا، جن کی مالیت 51 ارب ڈالر ہے،صرف توانائی منصوبوں میں 35ارب کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔جاپانی جریدے کے مطابق خراب امن و امان کاروبار کیلئے ساز گار نہیں تھا، تاہم اب اس میں کافی بہتری آئی ہے۔ ایشین ریویو نے کہاکہ پاکستانی معیشت کے بہتر آئوٹ لک کے باعث ایم ایس سی انڈیکس نے پاکستان کو اپ گریڈ کیا ہے۔اس سے قبل جاپانی میگزین ایشین ریویو نے معاشی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے پاکستان کوایشیا کا اگلا انجن قرار دیا تھا۔جاپانی جریدے نے کہاکہ دہشت گردوں کے خلاف چیلنجز اور مشکلات کے باوجود پاکستان معاشی بنیادوں پر مستحکم ہورہا ہے، ملک میں نوجوان افرادی قوت کی نشاندہی کرتے ہوئے جاپانی میگزین میں لکھا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں نوجوان نسل آئندہ چالیس سے پچاس سالوں کے لئے پاکستان کی بہترین ورک فورسز بن کر معیشت کو مضبوط کرے گی۔