لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے دبئی میں قید پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے پروگرام کا آغاز کردیا ہے۔شاہد آفریدی نے ٹوئیٹرپرجاری اپنے پیغام میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’فاؤنڈیشن نے دبئی میں قید پاکستانیوں کو رہائی دلواکر ان کے گھروالوں کو خوشی دینے کا آغازکردیا ہےجو شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے لیے ایک نمایاں کامیابی ہے۔
آفریدی نے تعاون کرنے پر دبئی کے حکام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ‘دبئی پولیس کے ڈپٹی چیف جنرل داہی خالفان تمیم اور انسانی حقوق کی تنظیم کیسربراہ بریگیڈیئرمحمدالمر کا مشکور ہوں۔شاہدآفریدی نے کہا کہ یہ ان کی فاؤنڈیشن کے لیے بہت خوشی کا دن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کیلیے یہ ایک چیلنج تھا کہ وہ دبئی میں بڑے عرصے سے جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کا بندوبست کرے اور اب خوشی ہے کہ وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہوگئے ہیں.اور اب یہ قیدی چند دن بعد واپس اپنے گھروں کو لوٹ جائیں گے۔سابق کپتان نے کہا کہ وہ دبئی پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انھوں نے ان کے مقصد کو اہمیت دی۔جارح مزاج آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ وہ جلد ہی شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کو دبئی میں بھی رجسٹر کروا دیں گے اور مستقبل میں بھی دبئی پولیس کیساتھ مل کر کام کریں گے۔