اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) موٹروے پولیس کو چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا چالان کرنا بہت مہنگا پڑ گیا۔ تفصیل کے مطابق موٹروے پر موجود پولیس اہلکاروں نے تیز رفتار میں گاڑی چلانے پر چیئرمین NHA کا 25 منٹ کے اندر ہی دوسرا چالان کر دیا تو وہ سیخ پا ہو گئے، انہوں نے چالان تو ادا کر دیا لیکن ساتھ ہی آئی جی موٹر وے کو شکایت کر دی اور وہاں سے چلے گئے جس کے بعد چالان کرنے والے موٹروے پولیس اہلکاروں کو سزا کے طور پر صوابی (خیبر پختونخواہ) سے گوادر (بلوچستان) میں ٹرانسفر کر دیا گیا۔ اس ضمن میں چیئرمین NHA کا چالان کرنے والے پولیس اہلکاروں کا کہنا تھا کہ وہ سپیکر خیبر پختونخواہ اسد قیصر، صوبائی وزیر مشتاق غنی سمیت کئی بار خیبر پختونخواہ کی اہم شخصیات کا چالان کر چکے ہیں مگر انہیں کوئی سزا نہیں دی گئی اور نہ ہی اس بات پر باز پرس کی لیکن ایک چیئرمین کا چالان کرنے پر انہیں کے پی سے صوبہ بلوچستان ٹرانسفر کر دیا گیا ہے۔