اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 30 اکتوبر کورائے ونڈ اڈا پلاٹ پر منعقد کئے جانے والے جلسہ عام کی دیگر تفصیلات بھی منظر عام پر آگئی ہیں ۔ جلسے میں شریک افراد کے متعلق رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ تقریباً 5 سے 6 لاکھ افراد اس میں شامل تھے۔ جبکہ جلسے پر ہونے والے اخراجات کے متعلق پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس کا حساب کیا جا رہا ہے اس سلسلے میں تفصیلات منظر عام پر لے آئی جائیں گی۔
دوسری جانب جلسے کی سیکیورٹی کے حوالے تفصیلات بتاتے ہوئےایڈیشنل ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف نے بتایا کہ اس جلسے کی سیکیورٹی پر سات ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے ۔ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دوسرے اداروں کی نفری اور مدد اس کے علاوہ تھی۔ جلسے کی سیکیورٹی کے حوالے سے سو سے زائد کنٹینر بھی کرائے پر حاصل کئے گئے تھے ۔
پولیس کی جانب سے کیمرے، واک تھرو گیٹ، گاڑیوں، بائیو میٹرک مشینوں ، گاڑیوں کے پٹرول اور دیگر تمام اخراجات جو صرف پولیس کو سیکیورٹی کی مدد میں برداشت کرنا پڑے ان کی کل مالیت تقریباً 10 کروڑ سے زائد ہے ۔ ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس کو کئی پہلوؤں سے انتظامات کرنا پڑے جس کے باعث پولیس کے لئے اس جلسے کے انتظامات کرنا بے حد مشکل کام تھا۔