لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) رائے ونڈما رچ کی تاریخ جوں جوں قریب آرہی ہے تحریک انصاف کے مزیداقدامات سامنے آرہے ہیں تاکہ مارچ کوکامیاب بنایاجاسکے ۔اب پاکستان تحریک انصاف نے دس منٹ میں لاہور شہر بند کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ۔ ایک نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق حکومت کے ساتھ تناو کی صورت میں شہر کو بند کرنے کے لیے فیصل واڈا کی سربراہی میں 200سے زائد کارکنوں کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو لاہور کے داخلی خارجی راستے اور اہم مارکیٹیں بند کرائیں گے۔ پیرکے روز فیصل واڈا کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں لاہور کو دس منٹ میں بند کرانے کے لیے منصوبہ بندی کی گئی۔ فیصل واڈا نے واضح کیا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاری کی صورت میں لاہور شہر کو 10منٹ میں بند کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس سے پہلے عمران خان نے بھی میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمارے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا تو پھر شہر کو بند کرنے کے آپشن پر غور کیا جائے گا۔عمران خان نے حکومت کوآگاہ کردیاتھاکہ ہمارے کارکن پرامن رہیں گے لیکن تشدد کی راہ اپنائی گئی توذمہ داری حکومت پرہوگی۔