کراچی(این این آئی)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی معیار کے مطابق کم نہیں کی گئیں۔حکومت پیٹرولیم مصنوعات کمی کو اپنا بڑا کارنامہ قرار دیتی ہے مگر درحقیقت عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 70 فیصد جبکہ پاکستان میں صرف 35 فیصد تک کمی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اپریل 2013 میں خام تیل کی عالمی قیمت 112 ڈالر فی بیرل تھی اور پاکستان میں پیٹرول 102 روپے فی لیٹر میں دستیاب تھا، 3 سال بعد اپریل 2016 میں خام تیل کی قیمت 35 ڈالر ہوگئی، تاہم پیٹرول عالمی قیمت کے مقابلے میں 50 فیصد کم سستا کیا گیا۔صرف پیٹرول نہیں، ڈیزل کی قیمت میں بھی ہیر پھیر کیا جارہا ہے، ماہرین کے مطابق عالمی منڈی کے مطابق ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت 50 سے 55 روپے فی لیٹر ہونی چاہئے۔