پشاور(این این آئی)پشاورمیں بڑے سکینڈل نے سِر اُٹھالیا،حیرت انگیز فراڈ نے کھلبلی مچادی،پشاور میوزیم میں بڑے پیمانے پر گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے ،اینٹی کرپشن کی تحقیقاتی رپورٹ میں میوزیم سے کروڑوں روپے کے 80سے زائد تاریخی سکے تبدیل جبکہ 2900غائب ہوگئے۔ نوادرات تبدیل یا پھر غائب ہونے میں میوزیم ملازمین کا ہاتھ ہے،پشاور میں میوزیم سے تاریخی اور قیمتی نوادرات چوری کرلئے گئے۔ نوادرات غائب ہونے کا انکشاف اینٹی کرپشن کی تین رکنی کمیٹی کی تحقیقاتی رپورٹ میں ہواہے۔ رپورٹ کے مطابق میوزیم میں 80تاریخی سکے غائب کرکے ان کی جگہ نقلی سکے رکھ دئے گئے۔ سب سے قیمتی سکے کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قدر 50ہزار ڈالرز کے قریب ہے۔ اینٹی کرپشن کی تفصیلی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ میوزیم میں نوادرات کا مکمل ریکارڈ بھی دستیاب نہیں۔ 8625 کا اندراج کیا گیا لیکن میوزیم میں 5330 سکے موجود ہیں۔رپورٹ کے مطابق نوادرات کھدائی اور منتقلی کے دوران تبدیل یا چوری کئے گئے جس میں ڈائریکٹر، میوزیم کا عملہ، پولیس اور کسٹم حکام ملوث ہیں۔میوزیم کے حکام نے تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ ماننے سے انکار کر دیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف میوزیم اینڈ آرکیالوجی نے کمیٹی کے ارکان پر کرپشن کا الزام عائد کر دیا۔