کراچی(آئی این پی) کرپشن کے الزام میں قید سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم کو اچانک طبیعت خراب ہونے پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق وہ شدید ذہنی و اعصابی دباو¿ کا شکار ہیں۔تفصیلات کے مطابق سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم کو اچانک سینے میں شدید درد اٹھا جس کے باعث انہیں فوری طور پر جناح اسپتال لے جایا گیا۔ ڈاکٹرز کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عاصم شدید ذہنی و اعصابی دباو¿ کا شکار ہیں۔ ان کے علاج کے لیے ڈاکٹرز کی ٹیم کو طلب کرلیا گیا ہے۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کے مزید ٹیسٹ کیے جائیں گے جس کے بعد ان کی حتمی میڈیکل رپورٹ جاری کی جاسکے گی۔ڈاکٹر عاصم حسین کو گزشتہ برس 26 اگست کو رینجرز نے کرپشن اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزامات میں حراست میں لیا تھا۔ ان کے خلاف نیب میں دو ریفرنسز اور دہشت گردی میں معاونت کا ایک مقدمہ زیرِ سماعت ہے۔سابق وفاقی مشیر ڈاکٹر عاصم حسین کیس کے متعلق پولیس نے اپنی تفتیشی رپورٹ کو حتمی شکل گزشتہ سال دسمبر میں دی تھی۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹر عاصم کے خلاف دہشت گردوں کے علاج اور مالی معاونت کے کوئی شواہد نہیں ملے جس کے بعد ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف رینجرز کی مدعیت میں درج مقدمہ سے انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم کردی گئی تھی۔