اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کبھی یہ نہیں کہا کہ میرا فلیٹ نہیں ہے، 30 سال پہلے فلیٹ خریدا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تیس سال قبل انہوں نے اپنے حلال اور محنت کی کمائی سے فلیٹ خریدا تھا۔ ماضی کے خوشگوار لمحات کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب میں نے فلیٹ خریدا تو تب میرے میاں نواز شریف کے ساتھ بہت اچھے تعلقات تھے اور وہ اس وقت کے پنجاب کے وزیراعلیٰ تھے یہ تعلقات بعد میں کرپشن کی وجہ سے خراب ہوئے۔ میں نے انہیں بتایا کہ میں نے ایک پینٹ ہاؤس خریدا ہے تو میاں نواز شریف نے پوچھا کہ پینٹ ہاؤس کیا ہوتا ہے؟ جس پر میں نے جواب دیا جو بلڈنگ کے ٹاپ فلور پر بنا ہوتا ہے اسے پینٹ ہاؤس کہتے ہیں ۔ اس موقع پر میاں نواز شریف نے بہت فنی بات کہی کہ ’’اگر آندھی آئے اور وہ فلیٹ اڑ جائے تو پھر کیا ہو گا؟‘‘۔ عمران خان نے کہا کہ تیس سال قبل نواز شریف کا یہ جواب مجھے آج بھی کل کی طرح یاد ہے۔