لاہور ( این این آئی) گرمیوں کی چھٹیوں کی یکمشت فیس لینے والے سکول مالکان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا جبکہ ای ڈی او ایجوکیشن نے بھی خلاف ورزی کرنے والے سکولوں کا لائسنس معطل کرنے کا عندیہ دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال موسم گرما کی تعطیلات کا آغازیکم جون سے ہوگا اورچھٹیوں کے دوران والدین قسطو ں میں بچوں کی ماہانہ فیس ادا کریں گے ۔ ایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لاہور طارق رفیق کا کہنا ہے کہ یکم جون کے بعد سکول بند نہ کرنے والے سکول مالکان کے خلاف سخت نوٹس لیا جائے گا اورانہیں شوکاز نوٹسزجاری کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے سکول جو بچوں سے تین یا دوماہ کی یکمشت فیس وصول کررہے ہیں انہیں بچوں کی فیس واپس کرنا ہوگی ۔طارق رفیق کا کہنا تھاکہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے سکولوں کا لائسنس بھی معطل کیا جا سکتا ہے۔