لاہور(این این آئی )پنجاب حکومت نے پاکستان اور چین کی بے مثال دوستی کے 65 سال مکمل ہونے پر بھرپور انداز میں تقریبات کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ اس امر کا فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا۔ یہ تقریبات 19 مئی سے شروع ہوں گی اور 23 مئی تک جاری رہیں گی۔ پاک چین دوستی کے تعلقات کے حوالے سے سیمینارز کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ پاک چین دوستی کے حوالے سے تصویری نمائش کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کے 65 برس مکمل ہونے کی تقریبات بھرپور طریقے سے منائی جائیں گی۔ پاکستان اور چین لازوال دوستی کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اورپاک چین دوستی ہر مشکل کی گھڑی پر پورا اتری ہے اور چین نے قدرتی آفات، امن اور جنگ میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عظیم پاک چین دوستی کی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی۔ چین نے مشکل کے وقت پاکستان کا ہاتھ تھاما ہے جس پر پوری قوم چینی قیادت کی شکرگزار ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت منصوبوں پر برق رفتاری سے کام جاری ہے۔ سی پیک کے منصوبے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے ضامن ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کیلئے چین کی جانب سے فنڈز کی فراہمی ایک تاریخی اقدام ہے اور چین نے عوامی سہولت کے اس عظیم منصوبے کیلئے فنڈز فراہم کرکے دوستی کا حق نبھایا ہے۔ خواجہ احمد حسان، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری اطلاعات، سی سی پی او لاہور، ڈی سی او لاہور اور ڈی جی پروٹوکول پنجاب نے اجلاس میں شرکت کی۔