کراچی(آن لائن)کراچی ائیر پورٹ پر اے ایس ایف اہلکار سے تلخ کلامی مسافر کو مہنگی پڑ گئی، عبداللہ نامی مسافر پر اے ایس ایف اہلکاروں کا بد ترین تشدد،پشاور جانے والے مسافر کی پرواز بھی مس کرادی،اے ایس ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ عبداللہ کا ذہنی توازن درست نہیں، جامع تلاشی دینے سے انکار پر صرف اے ایس ایف اہلکار سے اسکی تلخ کلامی ہوئی ہے۔کراچی ائیر پورٹ سے پشاور کیلئے روانہ ہونے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 350کا مسافر عبداللہ مقررہ وقت پر ائیر پورٹ پہنچا تو سرچنگ کاؤنٹر پر موجود ائر پورٹ سکیورٹی فورس کے اہلکار نور خان سے معمولی بات پر اسکی تلخ کلامی ہوگئی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ تلخ کلامی کے ساتھ ہی وہاں موجود اے ایس ایف اہلکاروں نے مسافر کو تشدد کا نشانہ بنایا، تاہم ائیر پورٹ پر موجود عملے ودیگر افراد نے بیچ بچاؤ کرایا تو اے ایس ایف اہلکار مسافر کو کیبن میں لے گئے اور اس اثناء میں مسافر کی فلائٹ بھی مس ہو گئی،ذرائع کے مطابق مسافر کی جانب سے اے ایس ایف اہلکاروں کے خلاف ممکنہ قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے مسافر عبداللہ پر صلح کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے جبکہ واقعہ سے متعلق اے ایس ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافر عبداللہ کے ساتھ اسکی والدہ بھی تھیں، جامع تلاشی دینے سے انکار پر اسکی اے ایس ایف اہلکار سے تلخ کلامی ہوئی تھی، اسے تشدد کا نشانہ نہیں بنایا گیا،، عبداللہ کی والدہ کا کہنا ہے اسکا ذہنی توازن درست نہیں ہے