اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت دکھاوے کا کمیشن بنانا چاہتی تھی، پیر کو متحدہ اپوزیشن کا اجلاس بلایا ہے جس میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا ٗ امید ہے اس دن وزیراعظم بھی ایوان میں آئیں گے اور اپوزیشن کے سوالوں کا جواب دیں گے۔اپنے ایک بیان میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیر کو اعتزاز احسن کے چیمبر میں اجلاس بلایا ہے جس میں پار لیمنٹ کے اجلاس سے متعلق لائحہ عمل طے کیا جائے گا ٗ امید ہے کہ وزیراعظم بھی پیر کے روز اجلاس میں آئیں گے اور اپوزیشن کے 7 سوالوں کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دکھاوے کا کمیشن بنانا چاہتی تھی اور ایف آئی اے میں بھی اتنا دم نہیں کہ وزیراعظم کے خلاف تحقیقات کر سکے ٗ نیب کی کارکردگی بھی مایوس کن رہی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق شاہ محمود قریشی نے دوشنبے میں کاسا منصوبے کی تقریب کے دوران دکھائے جانے والے نقشے میں کشمیر اور گلگت بلتستان کو بھارت کا حصہ دکھانے پر نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔